عمران کو جیل میں مشکلات ہیں تو آئیں بیٹھ کر معاملات طے کریں: وزیر اعظم کی پیشکش

06-26-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں !چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پہلی تقریر میں چارٹر آف ڈیموکریسی کی بات کی ، پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ آئیں! چارٹر آف ڈیمو کریسی پر اتفاق کریں ، میری بات کو حقارت سے نظر انداز کیا گیا، میری بات پر ایسے نعرے بلند کئے گئے جس کا ذکر اس ایوان کی توہین ہے۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری والدہ کا انتقال ہوا تو میں جیل تھا، آج ان کے بانی پی ٹی آئی کو مشکلات ہیں، میں پھر کہتا ہوں آئیں آج بیٹھ کر بات کریں اور معاملات کو حل کریں، میں آج یہاں اپنی تکلیف کا رونا نہیں رونا چاہتا ، میں بھی کینسر کی بیماری میں مبتلا ہوں، میں قیدی وین میں عدالت گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خواجہ آصف اور رانا ثنا اللہ سمیت ہمیں زمینوں پر لٹایا گیا، گھر سے کھانا نہیں لانے دیا گیا، ہماری دوائیاں بند کی گئیں، نہیں چاہتے کہ ان کے ساتھ بھی ایسی زیادتی ہو جو ہمارے ساتھ ہوئی، میں بھی کینسر کی بیماری میں مبتلا رہا کبھی جیل میں رویا نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دور میں ہمارے ساتھ جو سلوک ہوا وہ بھی سب جانتے ہیں، آج بانی پی ٹی آئی جیل میں مشکلات میں ہیں تو آئیں بات کریں، ملک کی ترقی اور اس کو آگے لے کر جانے کیلئے آئیں ملکر بیٹھیں، پاکستان کے مفاد میں معاملات طے کریں۔