ویمنز ایشیا کپ کی تیاری کیلئے خواتین کرکٹرز کا تربیتی کیمپ شروع
06-26-2024
(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (اے سی سی) ویمنز ایشیا کپ کی تیاری کیلئے پاکستان ویمنز کرکٹرز کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کے سلسلے میں پاکستان ویمن ٹیم کا 4 روزہ ٹریننگ کیمپ آج سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں شروع ہوگیا ہے۔ کراچی میں منعقد ہونے والے اس 4 روزہ کیمپ میں 29 ویمن کرکٹرز شریک ہوں گی، اس دوران 2 پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمنز ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان گروپ اے میں ہے اس گروپ میں بھارت، نیپال اور یو اے ای کی ٹیمیں بھی ہیں، پاکستان ویمنز ٹیم پہلا میچ 19جولائی کو بھارت کیخلاف کھیلے گی جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کو تبدیل کر دیا گیا، کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔