ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

06-26-2024

(لاہور نیوز) صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے 26 جون سے یکم جولائی تک ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 26جون تا یکم جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی ہے، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ ،گوجرانوالہ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے، اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔  پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید طوفان اور کہیں ژالہ باری ہو سکتی ہے ،سولر پینل کی تنصیب بڑھی ہے، شدید طوفان میں پلیٹوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال والے اضلاع میں انتظامیہ دریاؤں اور نالوں کے راستے کلیئر کرے، بارش اور طغیانی میں ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کیا جائے،دریاؤں اور نالوں میں نہانے پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ الرٹ کا مقصد تیاریاں مکمل کرنا ہے، ریسکیو اور نکاسی آب کے ذمہ دار ادارے الرٹ رہیں، عوام الناس حکومت اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔