شدید ڈپریشن میں ہوں، میرے لیے دعا کریں، نوشین شاہ کی مداحوں سے اپیل

06-26-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کردی۔

نوشین شاہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی سٹوری میں اپنی مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں اداکارہ گاڑی میں بیٹھی کہیں جارہی ہیں جبکہ ویڈیو میں اُنہوں نے عبایا اور حجاب پہنا ہوا ہے۔ اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں مداحوں کے نام جاری پیغام میں کہا کہ میری اپنے تمام مداحوں سے درخواست ہے کہ براہِ کرم میرے لیے دُعا کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ میں شدید ڈپریشن اور انزائٹی کا شکار ہوگئی ہوں، اس مشکل وقت میں مجھے آپ سب کی دُعاؤں کی بہت ضرورت ہے۔ نوشین شاہ کی انسٹاگرام سٹوری سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جہاں مداحوں کی جانب سے اداکارہ کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب نوشین شاہ نے انسٹاگرام ہینڈل سے اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کردی ہیں، اب اداکارہ کے انسٹاگرام ہینڈل پر صرف 22 پوسٹس موجود ہیں۔ ان 22 پوسٹس میں چند تصاویر نوشین شاہ کی ہیں جن میں اُنہوں نے حجاب پہنا ہوا ہے جبکہ کچھ تصاویر اُن کے بھائی کی ہیں، اس کے علاوہ چند پوسٹس اسلامک ہیں۔ واضح رہے کہ نوشین شاہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں یہ نہیں بتایا کہ وہ کس وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوئی ہیں اور نہ ہی ابھی تک یہ وجہ سامنے آسکی کہ اداکارہ نے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کیوں کی ہیں۔