پی پی پی لاہور کی صدارت کیلئے رسہ کشی عروج پر، مقامی تنظیم عملی طور پر غیر فعال

06-26-2024

(لاہور نیوز) پیپلزپارٹی لاہور کی صدارت کیلئے رسہ کشی عروج پر پہنچ گئی، ضلعی صدارت کے حصول کیلئے کئی امیدوار سامنے آگئے۔

پیپلزپارٹی لاہور ڈویژن کی تنظیم عملی طور پر غیر فعال ہو گئی جبکہ صدارت کیلئے رسہ کشی  جاری ہے، اسلم گل کے مستعفی ہونے کے بعد  پارٹی  کے ڈویژنل صدر کا عہدہ 6  ماہ سے خالی ہے جبکہ صدارت  کے حصول کیلئے کئی  امیدوار سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق پی پی رہنما عزیز الرحمان چن اپنے بیٹے رحمان چن  کوپیپلزپارٹی لاہور کا صدر بنانے کے لئے کوشاں ہیں، جمیل منج ،بیرسٹر عامر، رانا جواد، عثمان ملک، فائزہ ملک، رانا عرفان، زاہد ذوالفقار اور عاطف چودھری بھی صدر بننے کے خواہش مند ہیں۔ پیپلزپارٹی  وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف لاہور کی صدارت کے لئے 3 نام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھیجیں گے  وہی اس حوالے سے  حتمی فیصلہ کریں گے۔   سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی لاہور فائزہ ملک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی  کیلئے  لاہور کے صد رکا  عہدہ بہت اہم ہے، چیئر مین بلاول بھٹو اس پر جلد تقرری  کریں یہ عہدہ خالی رہنے سے پارٹی کمزور ہوسکتی ہے۔