چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی، وسیم اکرم پرامید

06-26-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے امید کا اظہار کیا ہے کہ سال 2025 میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

سابق کپتان نے غیرملکی میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ بھارتی ٹیم اگلے برس چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی اور شاندار انتظامات دیکھے گی، چیئرمین پی سی بی میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے سٹیڈیمز اَپ گریڈ کررہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرکٹ کی بہتری کیلئے اس ٹورنامنٹ کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ تمام ممالک آئیں گے کیونکہ کرکٹ اور سیاست بالکل مختلف چیزیں ہیں، پورا ملک 8 بڑی ٹیموں کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد فروری اور مارچ کے وسط میں شیڈول ہے جبکہ ایونٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے اور بھارتی ٹیم ایونٹ کے تمام میچز لاہور میں ہی کھیلے گی۔ ٹورمنٹ 8 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوگا، آخری ایونٹ پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو ہرا کر جیتا تھا۔ دوسری جانب آئی سی سی نے جن ٹیموں کی تصدیق کی ہے ان میں پاکستان (میزبان)، بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔