ٹی 20 ورلڈ کپ: سیمی فائنل کیلئے چار ٹیمیں فائنل، مقابلے کل ہوں گے

06-26-2024

(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر8 کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سیمی فائنل مقابلوں کیلئے چار ٹیمیں فائنل ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گروپ ون میں سے بھارت اور افغانستان کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچی ہیں، پہلا سیمی فائنل جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کل 27 جون کو صبح ساڑھے 5 بجے کھیلا جائے گا، دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ بھی کل رات ساڑھے 7 بجے آمنے سامنے ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں تاریخ رقم کر کے افغانستان پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچا ہے، افغان ٹیم کی کامیابی کے بعد عالمی چیمپئن آسٹریلیا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا، سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کے کپتان راشد خان نے بھی اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔ سپر ایٹ مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دینے پر افغانستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، راشد خان اور نوین الحق نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار چار وکٹیں حاصل کی تھیں، بنگلہ دیشی بیٹر لٹن داس کی نصف سنچری رائیگاں رہی۔ دوسری جانب افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان ٹی 20 کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے تیز ترین 150 وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے، انہوں نے 92 میچز میں 150 ٹی 20 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کیں، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے 118 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ یاد رہے کہ ٹی 20 انٹرنیشنلز کی تاریخ میں اب تک صرف 2 کھلاڑیوں نے 150 وکٹیں لی ہیں جبکہ 129 میچز کھیلنے والے شکیب الحسن کو یہ سنگ میل عبور کرنے کیلئے ایک وکٹ درکار ہے۔