شہر میں ایل پی جی مافیا کیخلاف کریک ڈان،80 فیصد دکانیں بند

06-25-2024

(ویب ڈیسک)شہر میں ایل پی جی مافیا کیخلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 80 فیصد دکانیں بند کروادی گئیں۔

تفصیلات کےمطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 234 روپے فی کلو مقرر کی گئی لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی بلیک میں 320 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی۔ذرائع کے مطابق قدرتی گیس کی بندش کے باعث ایل پی جی کی مانگ میں اضافہ ہوا، ایل پی جی نہ ملنے کے باعث گھریلو صارفین، رکشہ ڈرائیور اور ہوٹل مالکان پریشان ہیں۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ حکومت ایل پی جی دکانوں کے لیے جلد از جلد ضابطہ اخلاق بنائے، دکانیں غیر قانونی ہیں تو انہیں قانون کے دائرہ کار میں لایا جائے تاکہ غریب دکاندار عزت سے کاروبار کر سکیں۔ عرفان کھوکھر نے کہا کہ غیر معیاری سلنڈرز موت کا سامان ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے،دکانداروں کے لیے ایس او پیز بنائے جائیں، لوگ سستی گیس کے حصول کے لیے خوار ہو رہے ہیں، کریک ڈاؤن کے ڈر سے کاروبار بند ہیں۔