عارف لوہار کا گانا فیفا ورلڈکپ کے آفیشل پیج پر شیئر

06-25-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے لوک گلوکار عارف لوہار کا گانا فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے ورلڈکپ آفیشل انسٹا گرام پیج پر شئیر کردیا۔

مشہور گلوکار عارف لوہار اورفٹبال کے پاکستانی مداحوں کو خوشگوار سرپرائز مل گیا۔ فیفا نے عارف لوہار کا مشہور گانا ‘ آ تجھے سیر کراواں’ اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شئیر کردیا۔ عارف لوہار کے گانے کو شہرہ آفاق فٹبالر میسی کی سالگرہ کے موقع پر شئیر کیا گیا۔ فیفا کے آفشیل پیج پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں میسی کے کھیل کے دوران اور ورلڈکپ جیتنے کے مناظر دکھائے گئے ہیں جبکہ پس منظر میں عارف لوہار کا گانا سنائی دے رہا ہے۔ گانے کے ساتھ اردو میں کیپشن بھی دیا گیا ہے۔ عارف لوہار کے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ عارف لوہار کے فینز نے  گانا شیئر کرنے پرسوشل میڈیا پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیفا بھی عارف لوہار کا مداح ہے۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ فیفا عارف لوہار کے گانے کے ذریعے پاکستان میں فٹبال کو پروموٹ کررہا ہے جو کہ اچھی بات ہے۔