سی ٹی ڈی پنجاب کومزیدمستحکم کرنے کا فیصلہ ، محکمہ خزانہ سے فنڈز مانگ لئے

06-25-2024

(لاہور نیوز) امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کیخلاف مؤثر کارروائی کیلئے سی ٹی ڈی پنجاب کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی پنجاب کو دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کیلئے جدید آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائیگی، سی ٹی ڈی پنجاب نے اخراجات کی مد میں محکمہ خزانہ سے فنڈز مانگ لئے۔ سی ٹی ڈی پنجاب  نے آپریشنل آلات کیلئے 1 ارب 42 کروڑ 72 لاکھ روپے کے فنڈز کی ڈیمانڈ کی  جبکہ ٹرانسپورٹ کی مد میں 35 کروڑ 45 لاکھ، جدید سافٹ ویئر کی فراہمی کیلئے 1 ارب 2 کروڑ 70 لاکھ روپے مانگے گئے ہیں ، مجموعی طور پر سی ٹی ڈی کو مستحکم کرنے کیلئے 3 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اخراجات دیئے جائیں۔ دستاویزات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور سیکرٹری خزانہ کے مابین ملاقات کے بعد سی ٹی ڈی کے فنڈز میں کمی کر دی گئی، 3 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ کی ڈیمانڈ کے بجائے سی ٹی ڈی کو 2 ارب 27 کروڑ روپے فراہم کیے جائینگے۔ دستاویزات کے مطابق جدید آلات اور اسلحہ کی خریداری کیلئے 90 کروڑ 84 لاکھ 38 ہزار روپے کی منظوری دی گئی، گاڑیوں کی خریداری کیلئے 98 کروڑ 17 لاکھ 24 ہزار روپے کی منظوری دی گئی، دیگر اخراجات کی مد میں 50 کروڑ روپے سی ٹی ڈی کو فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔  سی ٹی ڈی کی جانب سے 12 کروڑ مالیت کی لگژری گاڑی لینڈ کروزر کی ڈیمانڈ کو رد کر دیا گیا، محکمہ داخلہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کو کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے منظوری دیدی۔