مہوش حیات نے بالی ووڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

06-25-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام نہ کرنے کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔

حال ہی میں اداکارہ مہوش حیات ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے زندگی، کیریئر اور انڈسٹری سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ پوڈ کاسٹ کے دوران مہوش نے بتایا کہ مجھے بالی ووڈ سے بہت سی آفرز ملیں لیکن میں نے سب کو منع کردیا۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ میرے پاس پاکستان میں ہی کام کے بے شمار مواقع موجود ہیں، میں پاکستانی سینما کی بحالی اور کامیاب ترین فلموں کا حصہ رہی ہوں، مجھے اپنے ملک میں بہت عزت اور محبت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک میں اتنی محبت اور کامیابی ملنے کے بعد مجھے یہی محسوس ہوا کہ مجھے بالی ووڈ کی آفرز کو قبول نہیں کرنا چاہئے۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے ملک میں اپنے کام سے محظوظ ہو رہی ہوں، میری فلموں کو لوگ اپنی فیمیلیز کے ساتھ دیکھنے آتے ہیں اور یہی بڑی کامیابی ہے۔