سپریم کورٹ کے تین نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

06-25-2024

(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

سپریم کورٹ میں 3 نئے آنے والے ججز کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس ملک شہزاد ، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن  سے عہدے کا حلف  لیا۔ تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلاء نے شرکت کی۔ واضح  رہے کہ صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ میں تین نئے ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل عباسی کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی کی گئی ہے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد اور لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد بلال حسن کو بھی سپریم کورٹ میں بطور جج تعینات کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شجاعت علی خان کی بطور قائم مقائم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔