پنجاب اسمبلی اجلاس: سپیکر نے ہتک عز ت بل پر رولنگ جاری کردی

06-24-2024

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ہتک عزت بل پر قائم مقام گورنر کے دستخط کے معاملے پر رولنگ جاری کردی۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں اپوزیشن نے ہتک عزت بل پر قائمقام گورنر کی جانب سے دستخط کے معاملے پر اعتراض اٹھایا جس پر سپیکر نے رولنگ دے دی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے رولنگ میں کہا کہ ہتک عزت بل 2024ء پر اپوزیشن رکن رانا آفتاب کا نقطہ اعتراض صرف اخلاقی طورپر تھا جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، کوئی بھی قانون یا آئین کی شق سپیکر کو قائم مقام گورنر کے طورپر بل پر دستخط کرنے سے منع نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہتک عزت بل پر دستخط کرتے وقت مکمل طورپر قائم مقام گورنر کی حیثیت سے کئے، آئین کے تحت سپیکر جب قائم مقام گورنر کے طور پر ذمہ داری نبھا رہا ہوتا ہے تو اس کو گورنر کے تمام آئینی اختیارات استعمال کرنا ہوتے ہیں۔ سپیکر پنجاب  اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 260 اور 104 کے تحت قائم مقام گورنر کے پاس وہی اختیارات ہوتے ہیں جو گورنر کو حاصل ہوتے ہیں، رانا آفتاب کا نقطہ اعتراض ان آئینی وجوہات کی بناء پر مسترد کیاجاتا ہے۔