پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ بہت ہے لیکن استحکام نہیں: آسٹریلوی کرکٹر

06-24-2024

(ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ بہت ہے لیکن استحکام نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں عثمان خواجہ  نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن میں جب باہر سے دیکھتا ہوں تو پاکستان کرکٹ ٹیم میں ہر چیز  تبدیل ہوتی رہتی ہے، سلیکشن کمیٹی، سلیکٹرز اور سٹاف تبدیل ہوتے رہتے ہیں، ٹیم میں کھلاڑی بھی بہت تبدیل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال مشکل ہوتی ہے، استحکام بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ جب استحکام نہیں ہوتا تو کھلاڑیوں کے لئے پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے، میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کبھی استحکام نہیں دیکھتا۔ بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کپتانی کرنا بابر اعظم کا فیصلہ ہے، اگر وہ کر سکتے ہیں تو انہیں کرنی چاہئے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں توقعات تھوڑی زیادہ ہوتی ہیں جبکہ کھیل ٹف ہوتا ہے، جیتنا ایک ٹیم نے ہوتا ہے، اگر آپ ورلڈ کپ نہیں جیتتے اور دوسرے نمبر پر آتے ہیں تو ایسے ہی ہے جیسے سپر ایٹ مرحلہ کھیلا ہو۔