عمران خان پر سنگین مقدمات بنانے کیخلاف درخواست پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم
06-24-2024
(لاہور نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر سنگین مقدمات بنانے کیخلاف درخواست پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو تمام معلومات فراہم کر دی گئی ہیں؟جس پر ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ابھی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میٹنگ ہوئی ہے لیکن ابھی سائن نہیں ہوئے، دو سے 3 دن لگیں گے۔ عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ دو دن کا وقت ہے آپ تمام مراحل مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔ بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین نوعیت کے مقدمات بنانے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔