پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز

06-24-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔

عالمی یوم خواتین برائے سفارتکاری کے موقع پر اپنے ایک  پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کا دن دنیا بھر کی خواتین سفارتکاروں کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے لئے منایا جاتا ہے، یہ دن ہمیں سفارتی میدان میں صنفی مساوات کے لئے کئے گئے اقدامات کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتکاری میں خواتین کا کردار امن کو فروغ دینے میں اہم ہوتا ہے، خواتین کی قیادت اور نقطہ نظر سفارتی کوششوں میں ہمدردی اور استقامت کی ایک منفرد اور ضروری جہت لاتا ہے۔  مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین کو تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہیں، پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، معاشر تی ترقی خواتین کی ترقی کے ساتھ گہرائی سے منسلک ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ  پاکستان کی معروف سفارتکار ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور دیگر نے سفارتی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کیا، خواتین کو سفارتکاری اور بین الاقوامی تعلقات میں کیریئر اختیار کرنا چاہیے۔