خود ہی منصف اور مدعی بننے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے: حافظ طاہر اشرفی

06-23-2024

(لاہور نیوز) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ خود ہی منصف اور مدعی بننے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ  سوات میں قرآن کریم کا نام لے کر ایک انسان کو جلا دیا گیا، جس نے ایک انسان کو قتل کیا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا، قرآن رحمت ہی رحمت ہے،قرآن عدل کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حق کسی کو نہیں دیا جاسکتا کہ خود ہی الزام لگائے اور خود ہی جلاد بن جائے، لاہور میں جوزف کالونی جلادی گئی تھی پھر تمام مجرمان بری ہوگئے، ایسے واقعات اسلام اور پاکستان کو بدنام کرتے ہیں۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ تمام مجرم سامنے ہیں ان کو سزا نہیں ہوتی، یہ اتنا لمبا پراسیس ہے کہ وہ پھر ہیرو بن جاتے ہیں، چیف جسٹس ایک ہفتے کیلئے وی وی آئی پیز اور سیاسی مقدمات کو ایک طرف رکھ دیں، توہین مذہب اور ناموس رسالت کے مقدمات میں گناہ گاروں کو سزا دیں اور جو بے گناہ ہیں ان کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  کل وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ عزم استحکام کے نام سے ایک آپریشن لانچ کیا جائے گا، یہ آپریشن انتہا پسندی اور بڑھتے تشدد کے خلاف ہونا چاہیے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں، میرے ملک کے نوجوانوں کو رہنمائی کی ضرورت ہے۔