سرکاری ٹھیکوں میں مبینہ مداخلت پر پنجاب حکومت کا تحقیقات کا فیصلہ

06-23-2024

(لاہور نیوز) سرکاری ٹھیکوں، پارکنگ اورکینٹینوں کے ٹھیکوں میں مبینہ مداخلت پر پنجاب حکومت نے تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔

غیر قانونی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف پنجاب حکومت نے ایکشن لے لیا، سرکاری ٹھیکوں ،پارکنگ اور کینٹینوں کے ٹھیکوں میں مبینہ مداخلت کی شکایات پر تحقیقات کا فیصلہ  کرلیا گیا۔ ذرائع  کےمطابق سرکاری ہسپتالوں میں تعمیر و مرمت کے ٹھیکوں ،پارکنگ اور کینٹینز کاتھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی تجویزدی گئی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہونیوالے تعمیراتی کاموں اور ٹھیکوں سے متعلق رپورٹ مانگ لی ۔ ٹھیکہ کس کو دیا؟ طریقہ کار کیا تھا؟ کتنے افراد یا کمپنیوں نے حصہ لیا؟ مداخلت کتنی تھی؟ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا ٹھیکہ کس کو اور کیسے دیا گیا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام معاملات کی تحقیقات کا حکم  دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری خزانے کی لوٹ مار میں ملوث مافیاز کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا۔