گندم اور آٹے کے بعد چاولوں کی قیمت میں بھی کمی آنے لگی

06-23-2024

(لاہور نیوز) گندم اور آٹے کے بعد چاول بھی سستے ہونے لگے، دو ماہ میں چاول کے نرخوں میں 60 روپے فی کلو تک کمی آ گئی۔

چاول کے نرخوں میں کمی  کا رجحان جاری ہے، چاول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث شہر کی مختلف دکانوں پر چاول کی سیل کے بورڈ لگ گئے، مختلف اقسام کے چاول 50 سے  60 روپے فی کلو تک سستے ہو چکے ہیں۔ مارکیٹ میں سپر کائنات چاول 60 روپے کمی سے 280 روپے فی  کلو  فروخت ہو رہے ہیں، سپر باسمتی چاول 50 روپے سستے ہونے کے بعد 210 روپے فی  کلو پر آگئے، سپر کرنل چاول 50 روپے کمی سے 270 روپے فی کلو مل رہے ہیں ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے چاول کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، گزشتہ سیزن میں چاول کی بہتر فصل سے مارکیٹ سے مصنوعی مہنگائی ختم ہو رہی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتے تک  مارکیٹ میں چاول کے نرخ موجودہ سطح پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔