مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں پاور شیئرنگ کا فارمولہ سامنے آگیا

06-23-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ کا فارمولہ سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی میں تعاون یک طرفہ نہیں بلکہ دوطرفہ ہوگا، مسلم لیگ ن پنجاب میں جو پاور شیئرنگ کرے گی وہ سندھ میں لے گی، پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کو سندھ کے تمام اضلاع میں شریک اقتدار کرےگی، کابینہ میں شامل ہوئے بغیر شریک اقتدار ہوا جائےگا ۔ ادھر  پاور شیئرنگ کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے  اہم مطالبات بھی سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق  پیپلزپارٹی نے پنجاب میں حکومتی محکموں کی کمیٹیوں کی شیئرنگ کا مطالبہ  کیا ہے، پی پی پی نے مارکیٹ کمیٹیوں ،زکوۃ کمیٹیوں، بیت المال کمیٹیوں میں بھی نمائندگی  مانگ لی ہے۔ پیپلزپارٹی نے حکومتی سطح پر مختلف کمیٹیوں ،ٹاسک فورس میں بھی نمائندگی کی ڈیمانڈ کی ہے۔ پی پی پی کا مطالبہ ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں انتظامی سطح پر بھی پیپلزپارٹی کو بااختیار بنایاجائے، اسمبلی کی سطح پر بھی پیپلزپارٹی کو قائمہ کمیٹیو ں میں نمائندگی اورچیئرمین شپ دی جائے۔ پاکستان  پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ڈویلپمنٹ فنڈز اورترقیاتی منصوبوں کے حوالےسے بھی شیئر دیاجائے ، پوسٹنگ ٹرانسفرز میں بھی پیپلزپارٹی کی سفارشات کو تسلیم کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر پندرہ دن بعد مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کی مشترکہ کمیٹی کا اسلام آباد یا لاہور میں اجلاس ہوا کرے گا، پاور شیئرنگ میں طے پانے والے امور پر عمل درآمد مشترکہ کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔