رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کا امکان

06-23-2024

(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں جبکہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں۔ مراسلے کے مطابق جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی پنجاب، وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس کا خطرہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں سے قبل تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے، ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔