12 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس کا مرکزی ملزم گرفتار

06-23-2024

(لاہور نیوز) پولیس نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنیوالے مالک کو گرفتار کر لیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے کہا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد ہماری ریڈ لائن ہے، ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، تشدد کا شکار بچی اور والدین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ متاثرہ بچی کو علاج معالجہ و میڈیکل کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تھانہ سٹی میں بچی کی والدہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ڈی پی او کامران ممتاز اور ایس پی انویسٹی گیشن ناصر جاوید رانا نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، کامران ممتاز نے کہا کہ متاثرہ بچی کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ کامران ممتاز نے کہا کہ صحت یابی تک بچی کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔