جماعت اسلامی کا ملک بھرمیں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان

06-22-2024

(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے ملک بھرمیں لوڈ شیڈنگ اور بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ملک بھرمیں لوڈ شیڈنگ اور بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کرے گی، موسم کی شدت کو حکومت کی نااہلی اور طرزِ حکمرانی مزید بڑھا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا پورے ملک میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ پاکستانی قوم 28 سو ارب روپے کی کپیسٹی ادا کر رہی ہے، بجٹ میں عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ جب کوئی بل پاس کرنا ہو تو مسلم لیگ ن یا ایم کیو ایم کی نورا کشتی شروع ہو جاتی ہے، بجٹ میں ٹیکسز کا 13 ہزار ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے جس سے مڈل کلاس طبقہ پسے گا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا تھا عوام نے شدیدگرمی میں عید گزاری، چودہ، چودہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا، اتوار کو پورے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔