واسا کے تمام ٹاؤنز میں صارفین نے واٹر سپلائی اور سیوریج کے بل ادا نہ کئے
06-22-2024
(لاہور نیوز) واسا کے تمام ٹاؤنز میں صارفین نے واٹر سپلائی اور سیوریج کے بل ادا نہ کئے، لاہور نیوز نادہندگان اور ڈیفالٹر صارفین کی تفصیلات سامنے لے آیا۔
واسا نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ میں محصولات کا تخمینہ تو لگا لیا مگر اخراجات محصولات کے مقابلے میں زیادہ ہیں، واسا کے شعبہ ریونیو کی جانب سے بلوں کی وصولیاں نہ ہونا خسارے میں اضافے کی وجہ بن رہی ہے۔ شہر کے کس علاقے میں کتنے واسا صارفین پانی کا بل ادا کرتے ہیں، لاہور نیوز نادہندگان صارفین کی تفصیلات سامنے لے آیا۔ علامہ اقبال ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ میں 1 لاکھ 12 ہزار 200 صارفین ہیں، علامہ اقبال ٹاؤن میں 38.3 فیصد صارفین پانی و سیوریج کا بل ادا کر رہے ہیں، راوی ٹاؤن کے کُل ایک لاکھ 38 ہزار 225 صارفین میں سے 28.8 فیصد صارفین بل دے رہے ہیں، گنج بخش ڈائریکٹوریٹ میں 86 ہزار 280 میں سے 38.2 فیصد صارفین بل ادا کر رہے ہیں جبکہ جوبلی ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ میں 31 ہزار 885 صارفین میں سے 32 فیصد بل ادا کرتے ہیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو سو فیصد بلنگ کا حکم دے دیا، ایک ہفتے میں تمام صارفین کو نیٹ بل میں لانے کے احکام جاری کر دیئے گئے۔