پنجاب کے مجموعی قرضوں میں 23 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے، عظمیٰ بخاری

06-22-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے پنجاب کے مجموعی قرضوں میں 23 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

ڈی جی پی آر میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز جو کام شروع کرتی ہیں وہ کاغذوں تک محدود نہیں ہوتا، مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنے ہوئے ابھی 100 دن ہوئے ہیں، مریم نواز کے حلف اٹھانے سے پہلے پنجاب پر 1708 ارب روپے کا قرضہ تھا، پنجاب کے مجموعی قرضوں میں 23 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب کا قرضہ گندم کی مد میں صفر ہو جائے گا، پنجاب حکومت نے کوڑا اٹھانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے، فیلڈ ہسپتالوں میں 10 لاکھ لوگوں کا علاج معالجہ ہوا، پنجاب نے ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا کردار ادا کیا ہے، سوات واقعہ پر دل بہت تکلیف میں ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کرنی ہے، پنجاب میں ہر وعدہ پورا کیا جا رہا ہے، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی گئی، زائد کرایہ لینے والی 776 گاڑیوں کو بند کیا گیا، 10سے 20 جون تک اوورچارجنگ پر 80 لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے، دسمبر میں لاہور کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔