پی بی اے کے وفد کی چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی سے ملاقات، تحفظات سے آگاہ کیا
06-21-2024
(لاہور نیوز) پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن(پی بی اے) کے وفد نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ سے ملاقات کی۔
پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کے وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن محمد علی بٹ، مسٹر غضنفر صدیقی، اعجاز احمد بھٹہ اور مسٹر حامد شامل تھے، ملاقات میں ممبر پی آر مس عطیہ بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، وفد کے اراکین نے سیلز ٹیکس کے کریڈٹ نوٹس سے متعلقہ میڈیا انڈسٹری کے ایشوز کو اٹھایا۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید اقبال شیخ نے میڈیا انڈسٹری کے کریڈٹ نوٹس سے متعلق تمام تر مسائل کو تفصیل سے سنا، انہوں نے مسائل سے اتفاق کیا اور ان کے حل کی ضرورت کا ادراک کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید اقبال شیخ نے کہا میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں، مسائل کے حل بارے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے۔ پی بی اے وفد کا کہنا تھا الیکٹرانک میڈیا انڈسٹری پنجاب ریونیو اتھارٹی یا ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہے، کسٹمرز کے انوائسنگ میں ردوبدل سے متعلق سیل ٹیکس کے ایڈجسٹمنٹ لینے سے قاصر ہیں، یہ مسئلہ اکتوبر 2023 سے التوا کا شکار تھا، چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔