محترمہ بینظیر بھٹو جیسے عظیم لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، گورنر پنجاب
06-21-2024
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جیسے عظیم لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔
سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نےمحترمہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اس ملک کے غریب اور مزدور طبقے کی آواز بنیں، جہاں انسانی حقوق کی بات ہوگی محترمہ کی خدمات یاد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی سوچ اور نظریئے سے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، پوری دنیا شہید محترمہ کی خدمات کی معترف ہے، آئین پاکستان اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے محترمہ کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف آواز اٹھائی، ہم عہد کرتے ہیں ان کے وژن اور مشن کا جھنڈا کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔