ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلہ: بھارت نے افغانستان کو 47 رنز سے شکست دیدی

06-20-2024

(لاہور نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے میں بھارت نے افغانستان کو 47 رنز سے شکست دے دی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت کی جانب سے دیئے گئے، 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 134 رنزبنا سکی، عظمت اللہ عمر زئی 26، نجیب اللہ زدارن 19 اور گلاب دین نائب 17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے 3،3 جبکہ کلدیپ یادیو نے دو اور رویندرا جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل بارباڈوس برج ٹاؤن میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز سکور کیے۔  بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہاردک پانڈیا 32، ویرات کوہلی 24، رشب پنت 20، اکشر پٹیل 12، شیوم ڈوبے 10، کپتان روہت شرما 8 اور روندر جڈیجہ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان اور فضل حق فاروقی نے 3، 3 جبکہ نوین الحق نے 1 وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے سُپر 8 میں پہنچنے والی 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ ون میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور بھارت جبکہ گروپ ٹو میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا اور ویسٹ انڈیز شامل ہے