قومی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

06-20-2024

(ویب ڈیسک) سابق قومی کرکٹرانضمام الحق نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ابتدائی راؤنڈ سے اخراج پر سلیکشن کمیٹی پر تنقید کرڈالی۔

سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر موجودہ سلیکشن کمیٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم میں اسپیشلائزڈ مڈل آرڈر بلے بازکی کمی شدت سے محسوس کی گئی، جو ٹیم  کے شوپیس ایونٹ کے جلد اخراج کی وجہ بنا، یقینی طورپر یہ کوئی ٹیم چننے کا انداز نہیں ہوتا، نمبر ون سے نمبر 5 تک تمام اوپنرز منتخب کر لیے گئے تھے، یہ شرمناک ہے کہ ہم مڈل آرڈر میں کسی مستند بیٹر کو تلاش نہیں کر پائے۔ انھوں نے پاکستانی ٹیم کی ایشیا کپ میں مایوس کن پرفارمنس کا بھی حوالہ دیا، انھوں نے کہا کہ ہم علاقائی ایونٹ میں بھی غیرتسلی بخش رہے تھے، جہاں ہم فائنل تک رسائی میں ناکام رہے تھے، ورلڈ کپ میں جانے سے قبل ہم 6 باہمی سیریز میں سے صرف ایک جیت پائے تھے.ہماری جدوجہد ٹی 20 ورلڈ کپ تک ہی محدود نہیں تھی.ہم ایشیا کپ میں بھی اسی طرح مسائل سے دوچار رہے.ہم نے ٹیم کو بطور یونٹ پرفارم کرتے نہیں دیکھا۔