مریم نواز نے ثابت کر دیا اپنے حکم پر عملدرآمد کیسے کراتے ہیں، عظمیٰ بخاری

06-20-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ثابت کر دیا کہ اپنے حکم پر عملدرآمد کیسے کراتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا وزیربلدیات نے عیدالاضحیٰ پر صفائی کے بہترین انتظامات کرائے، وزیراعلیٰ پنجاب صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں، پنجاب حکومت نے مسافر گاڑیوں کے زائد کرائے وصول کرنے کےخلاف کریک ڈاؤن کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب حکومت نے 3 دن میں مسافروں کو 14 لاکھ 67 ہزار روپے واپس کرائے، ایک ہزار 448 گاڑیوں کے چالان کئےگئے، حکومتی احکامات نہ ماننے پر 9 افراد کےخلاف مقدمات درج ہوئے۔ وزیربلدیات پنجاب ذیشان رفیق کا کہنا تھا عید کے دنوں میں صفائی کے بہترین اقدامات کئےگئے، ورکرز نے گرمی میں دن رات کام کیا، سینٹری ورکرز کی محنت کی وجہ سے ہم سرخرو ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دن رات کام کر کے صفائی کے نظام کو فعال رکھا۔ وزیربلدیات پنجاب نے کہا پہلی بار پنجاب میں غیرقانونی بکرا منڈیاں نہیں لگ سکیں، بکرامنڈیوں میں صفائی سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، صوبے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فری بکرا منڈیاں لگائی گئیں، صفائی کیلئے 55 ہزار سینٹری ورکرز نے شدید گرمی میں تینوں دن کام کیا، ایک لاکھ 88 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، پنجاب میں 18 لاکھ مویشی فروخت ہوئے۔ ذیشان رفیق کا مزید کہنا تھا عید کے دنوں میں 38 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیاددت میں ناممکن کو ممکن کرکے دکھایا، سڑکوں کو کلورین اور عرق گلاب سے دھویا گیا، ہم سب قائد محمد نواز شریف کے ورکرز ہیں، قائد نواز شریف کے ترقی وخوشحالی کےاقدامات کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں۔