لاہور سمیت مختلف شہروں میں باران رحمت، گرمی کی شدت میں کمی، موسم دلفریب
06-20-2024
(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں باران رحمت سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
لاہور اور گردونواح کے علاقوں میں گھنے سیاہ بادل آ گئے، صوبائی دارالحکومت میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، مال روڈ، جیل روڈ، اور شادمان کے علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ شہر میں بارش کے بعد ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ واسا مشینری کو فعال رکھا جائے، ایل ڈبلیو ایم سی بارش کے بعد صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائے، نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، شہری درختوں اور دیواروں کے نیچے سے ہو کر نہ گزریں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔ لاہور شہر میں مختلف مقامات پر بارش کے پیش نظر وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد نے بھی ہدایات جاری کر دیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کی ہدایات کے مطابق تمام سٹاف و مشینری کو مکمل الرٹ رہنے، تمام جنریٹرز کو سٹینڈ بائی اور فعال رکھنے سمیت تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔