ریٹائرڈ ججزکی بطور الیکشن ٹریبونل تعیناتی کیخلاف درخواست، الیکشن کمیشن سے جواب طلب
06-20-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کی بطور الیکشن ٹریبونل تعیناتی آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا کہ الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے نامزد کردہ جج بطور ٹریبونل تعینات کرنے کا پابند ہے، الیکشن آرڈیننس 2024 لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کمزور کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے والے الیکشن آرڈیننس 2024 کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور آرڈیننس کے تحت پنجاب میں ریٹائرڈ ججز کی بطور الیکشن ٹریبونل تعیناتی کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے سے روکا جائے۔ بعدازاں عدالت عالیہ نے ریٹائرڈ ججز کی بطور الیکشن ٹریبونل تعیناتی کیخلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔