لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا
06-20-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے تیز ہوا کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
رات گئے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی،سیالکوٹ، وزیر آباد، گجرات اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی، لاہور میں بھی رات گئے چلنے والی تیز ہوا کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جہلم میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ تیز ہوائیں چلنے اور بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی پر گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے، بارش کی وجہ سے درجہ حرارت 5 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے۔