خواجہ پرویز کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے

06-20-2024

(لاہور نیوز) لازوال اور سدا بہار گیتوں کے خالق خواجہ پرویز کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے۔

خواجہ پرویز 1932ء میں امرتسر کے ایک کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئے، اصل نام خواجہ غلام محی الدین تھا جبکہ پرویز تخلص ٹھہرا، تقسیم ہند کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور لاہور کو اپنا مسکن بنایا، 1950ء کی دہائی میں گیت نگاری سے وابستہ ہو گئے۔ خواجہ پرویز نے فلم نگری میں اپنے چالیس سالہ کیریئر کے دوران اردو اور پنجابی زبانوں میں 10 ہزار سے زائد فلمی گیت لکھے جو بہت مقبول ہوئے اور اکثر گیت لازوال اور یادگار قرار پائے، ان کے نغمے فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ گلوکارہ مسرت نذیر کے شادی بیاہ کے گیتوں کی معروف البم کے نغمے بھی خواجہ پرویز کے قلم سے نکلے، استاد نصرت فتح علی خان نے بھی خواجہ پرویز کے کئی مقبول نغمے گائے، باغ و بہار شخصیت اور عظیم نغمہ نگار خواجہ پرویز 20 جون 2011ء کو دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔