ذیابیطس کے مریضوں کے لئے اہم خبر، چینی سائنسدانوں نے مرض کا علاج نکال لیا
06-19-2024
(ویب ڈیسک) محققین نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ذیابیطس ٹائپ 2 کا علاج دریافت کر لیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق سائنسدانوں نے 2021 میں 59 سالہ شخص پر سیل ٹرانسپلانٹ انجام دیا تھا جس کے بعد سے مریض نے 33 ماہ سے ذیابیطس کی کوئی دوا استعمال نہیں کی۔علاج میں چینی سائنسدانوں نے مصنوعی خلیات تیار کیے جو ان خلیات کے ساتھ مماثلت رکھتے تھے جو لبلبے میں موجود ہوتے ہیں اور انسولین کی پیداوار اور خون میں شوگر کے انتظام کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ مریض، جسے 25 سال سے ذیابیطس تھا، میں انسولین پیدا کرنے والے یہ خلیات جنہیں Islets کہا جاتا ہے بالکل ناکارہ ہوگئے تھے جس کیوجہ سے مریض مکمل انسولین انجیکشن پر منحصر تھا اور ذیابیطس کوما میں جاسکتا تھا۔ ٹیم نے کیمیکل کے مرکبات کی مدد سے اسٹیم سیلز کو مختلف ٹشوز کی اقسام میں تبدیل کیا بشمول لبلبے کے خلیات کے بھی اور پھر لیبارٹری میں تیار کیے گئے ان خلیوں کو جو کہ انسانی خلیوں سے مماثلت رکھتے تھے، مریض کے جسم میں داخل کیا۔ انسولین پیدا کرنے والے خلیے جو بالکل ناکارہ ہوچکے تھے، ان کی جگہ مصنوعی خلیوں نے لے لی اور اس طرح مریض ایک بار پھر انسولین پیدا کرنے کے قابل ہوگیا۔ محقق کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ذیابیطس کے لیے سیل تھراپی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ رپورٹ کے مصنف ڈاکٹر نے کہا کہ ہماری ٹیکنالوجی ذیابیطس کے علاج میں ایک انقلاب کی حیثیت رکھتی ہے۔