اداکار فہد مصطفی نے بھی کرکٹر حارث روف کے حق میں آواز بلند کردی

06-19-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نےامریکا میں پیش آنے والے واقعے پر فاسٹ باولر حارث رؤف کی حمایت کردی۔

فہد مصطفیٰ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ میں حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔اداکار نے کہا کہ مداحوں کو سب کی فیملی کا احترام کرنا چاہیے اور چاہے کچھ بھی ہوجائے اپنی حدود کو پار نہیں کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات سے کسی بھی شخص کی ساکھ اور صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، خاص طور پر جب فیملی ساتھ ہو تو ایسے واقعات شدت اختیار کرلیتے ہیں۔یاد رہے کہ فلوریڈا میں فاسٹ باولر حارث رؤف کی ایک مداح سے الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس موقع پر حارث کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔