شہریوں کے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیساتھ بڑی عید کے تیسرے دن بڑے پلان

06-19-2024

(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عید کے تیسرے روز بھی صبح سے ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب شہریوں نے بڑی عید کے تیسرے دن کے بڑے پلان بنا لئے ہیں، کوئی پارکوں اور باغات کا رخ کرے گا تو کسی نے دوستوں کے ساتھ مل کر نہر پر نہانے کا ارادہ کر لیا ہے۔ بچہ پارٹی کی آج بھی ضد ہے کہ اپنے من پسند جانوروں کو دیکھنے چڑیا گھر جائیں گے جبکہ زیادہ تر خواتین آج بھی کچن میں ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور مزے مزے کے پکوان تیار کر کے گھر والوں کو کھلائیں گی۔ علاوہ ازیں قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بروقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔ ادھر عید الاضحیٰ کے موقع پر تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر بھی عوام کا رش لگ گیا ہے، شہریوں کی بڑی تعداد نے مری، گلیات اور شمالی علاقوں کا رخ کر لیا۔