گیری کرسٹن نے ٹیم کے اتحاد سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی: نامعلوم قومی کھلاڑی

06-18-2024

(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے نامعلوم کھلاڑی نے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی جانب سے ٹیم کی یکجہتی اور اتحاد سے متعلق کھلاڑیوں کے کردار پر گفتگو کرنے کی تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے میامی سے پاکستان کیلئے سفر شروع کر دیا، فلوریڈا سے روانگی سے قبل قومی ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ مانا کے ٹیم خراب کھیلی۔ نامعلوم کھلاڑی نے مزید بتایا ہے کہ ورلڈ کپ کے اختتام پر سب کو لالے پڑ گئے ہیں، سب اپنے مستقبل کو لے کر بہت پریشان ہیں، فیصلے خالصتاً میرٹ پر ہونے چاہئیں، احتساب ہونا چاہیے لیکن ایمانداری کیساتھ ہونا چاہیے۔ کھلاڑی نے ہیڈ کوچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنی انگلش سمجھ آتی ہے کہ گیری کرسٹن نے کیا بات کی،کوچ نے فٹنس اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو ضرور کی مگر انہوں نے ٹیم کی یکجہتی اور اتحاد سے متعلق کھلاڑیوں کے کردار پر کوئی بات نہیں کی۔