کھلاڑیوں نے ناقص کارکردگی کا غصہ فینز پر نکالنا شروع کر دیا

06-18-2024

(لاہورنیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں ناقص کارکردگی کا غصہ فینز پر نکالنا شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں سفر تمام ہونے کے بعد قومی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، کچھ کھلاڑیوں نے چند روز مزید امریکا میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی، پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں بدترین شکست ہوئی، قومی ٹیم میگا ایونٹ کا پہلا میچ امریکا سے ہاری، اسی طرح پاکستان بھارت سے بھی جیتا ہوا میچ ہار گیا تھا۔ تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی ناقص کارکردگی کا غصہ فینز پر نکالنا شروع کر دیا ہے، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف فین کے تصویر مانگنے پر شدید غصے میں آ گئے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف فین کو مارنے کیلئے آگے دوڑتے ہیں اور ان کے ساتھ موجود خاتون حارث رؤف کو روکنے کی کوشش کرتی ہے، اس دوران حارث رؤف نے فین کو گھٹیا بھی کہا، یہ واقعہ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پیش آیا۔ دوسری جانب فین نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ میں نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو صرف ایک تصویر لینے کیلئے کہا تھا۔