ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز سے شکست دے دی
06-18-2024
(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 104 رنز سے شکست دے دی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے 40 ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز افغانستان کی دعوت پر ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی لیکن شروعات اچھی نہ ہوئی، 23 رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر برینڈن کنگ 7 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، ان کے بعد آنے والے نکولس پورن نے جونسن چارلس کے ساتھ مل کر افغان باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ نکولس پورن نے 53 گیندوں پر 98 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی جبکہ جونسن چارلس 43 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے شائی ہوپ اور رومن پاول نے بھی میچ کا مجموعی سکور آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ رومن پاول اور شائی ہوپ بالترتیب 26 ، 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، یوں میزبان ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 218 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عظمت اللہ عمر زئی اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کی اننگز بڑے ہدف کے جواب میں افغانستان کی بیٹنگ مایوس کن رہی، اوپنر رحمان اللہ گرباز پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے، ابراہیم زادران کا ساتھ دینے کیلئے آنے والے گلبدین نائب بھی 10 بالز کے مہمان ثابت ہوئے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اوپنر ابراہیم زدران اور چوتھے نمبر کے بیٹر عظمت اللہ عمر زئی نے میزبان ٹیم کیخلاف بھرپور مزاحمت کی لیکن کسی کام نہ آئی، دونوں بالترتیب 38 اور 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، راشد خان نے 18، کریم جنت نے 14 سکور کئے، نوین الحق 4، نور احمد 2، محمد نبی 1 ہی رن بنا پائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عبید مکائے نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عقیل حسین نے 2 اور گڈکیش موتی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، آندرے رسل اور الزاری جوزف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویسٹ انڈین سکواڈ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتانی کے فرائض رومن پاول نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، جونسن چارلس، نکولس پورن، شائی ہوپ، آندرے رسل، شرفین رتھرفورڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف، گڈکیش موتی اور عبید مکائے شامل تھے۔ افغان سکواڈ افغانستان کی ٹیم کی قیادت راشد خان نے کی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، کریم جنت، نور احمد، نوین الحق اور فضل حق فاروقی سکواڈ کا حصہ تھے۔