مریم نواز کی عیدالاضحیٰ پر صفائی، شہریوں کی سہولیات کیلئے حکومتی مشینری کی نگرانی

06-17-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی اور شہریوں کی سہولیات کے لئے حکومتی مشینری کی نگرانی کی۔

پنجاب میں پہلی بار سیف سٹی کیمروں کے ذریعے صفائی ستھرائی کی نگرانی کی گئی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے لاہور میں صفائی کے انتظامات کی نگرانی کی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، جہلم سمیت صوبے بھر میں الائشیں اٹھانے کے لئے عملہ متحرک رہا۔ تحصیل اور یونین کونسلوں کی سطح پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا، پہلی بار پورے پنجاب میں 32 لاکھ خصوصی تھیلوں کی تقسیم کی گئی، ’’نو پلاسٹک‘‘ مہم کا سلسلہ بھی ساتھ ساتھ جاری رہی۔ الائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے گڑھے کھودنے کا کام بھی ساتھ ساتھ جاری رہا، مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے علاوہ سڑکوں، چوراہوں اور گلیوں کی صفائی کے اقدامات بھی کئے گئے، عیدالاضحیٰ پرعوام اور جانور فروخت کرنے والوں اور مویشیوں کے لئے منڈیوں میں دھوپ سے بچاﺅ کے لئے شیڈز تعمیر کئے گئے۔ مویشی منڈیوں میں ڈاکٹرز کی فراہمی اور پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں، تعطیلات کے دوران نہروں پر تفریح کے لئے آئے عوام کی جان کی حفاظت کے لئے لائف گارڈز بھی تعینات کئے گئے۔