تمام شواہد فتنہ خان کے خلاف ہیں، حکومت وقت اس فتنے کا حساب کرے، رانا تنویر حسین
06-17-2024
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے تمام تر شواہد فتنہ خان کے خلاف ہیں، حکومت وقت کو اس فتنے کا حساب کرنا چاہئے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عالمی برادری کے ساتھ دوبارہ تعلقات بحال ہو رہے ہیں جنہیں عمران خان نے خراب کیا تھا، عمران خان کو لانچ کرنے والے بھی افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 2017 میں بھی نواز شریف نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیا تھا جسے بعد میں عمران خان نے دوبارہ آئی ایم ایف کے چنگل میں ملک کو پھنسا دیا، تمام تر شواہد فتنہ خان کے خلاف ہیں، اب حکومت وقت کو اس فتنے کا حساب کرنا چاہئے۔ رانا تنویر حسین نے کہا حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پہلے کسی حکومت کی نہیں رہی ہے، ہر شعبے میں حکومت نے ریکارڈ کام کئے ہیں، وزیراعظم اور کابینہ کی محنت سے 2025 کا سال بہتری، خوشحالی اور ملکی ترقی کا سال ہو گا، عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے چائنہ پاکستان سے پیچھے ہٹ گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا قوم سے وعدہ ہے کہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہے، ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے اور بہت جلد ترقی کے منازل بھی طے کرے گا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا چائنہ کا دورہ کامیاب دورہ تھا، چائنہ کے اعلٰی سطح کے وفود جلد پاکستان آئیں گے، ہماری حکومت میں قرضے کی نہیں سرمایہ کاری کی بات ہو رہی ہے، ن لیگی حکومت میں بین الاقوامی سطح پر تجارت کی بات ہو رہی ہے نہ کہ امداد کی۔