ٹی 20 ورلڈ کپ: سری لنکا نے نیدر لینڈز کو 83 رنز سے ہرا دیا
06-17-2024
(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں سری لنکا نے نیدر لینڈز کو 83 رنز سے ہرا دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 38 ویں میچ میں نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دے دی، دونوں ٹیمیں سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔ نیدرلینڈز کی اننگز سری لنکا کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیدر لینڈز کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور سکاٹ ایڈورڈس 31 ، 31 رنز کیساتھ نمایاں رہے، سری لنکا کے نوان تھوشارا نے تین جبکہ متھیشا پتھیرانا اور ہسارانگا نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی اننگز نیدر لینڈز کی دعوت پر لنکن ٹائیگرز نے بیٹنگ شروع کی اور اوپنر پاتھم نسانکا بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوشل مینڈس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 39 تک پہنچا دیا، کامندو مینڈس صرف 17 رنز ہی بنا پائے، اوپنر کوشل مینڈس اور پانچویں نمبر پر آنے والے کیرتھ اسالنکا 46، 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ چوتھے، چھٹے اور گیارہویں نمبر کے دھننجایا ڈسلوا، انجلیو میتھو اور ونیدو ہسارنگا نے باؤلز کی خوب درگت بنائی اور ٹیم کا مجموعی سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 تک پہنچا دیا، تینوں بیٹر نے بالترتیب 34، 30 اور 20 رنز کی اننگز کھیلی، نیدر لینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے 2، ویوین کنگما، آریان دت، پال وین میکرین اور ٹم پرنگل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔