عید الاضحیٰ: پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو واپسی، لاہور خالی لگنے لگا

06-16-2024

(لاہور نیوز)عید الاضحیٰ اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے پردیسیوں کی اکثریت آبائی شہروں کو چلی گئی، لاہور خالی خالی لگنے لگا۔

ایک اندازے کے مطابق ہر عید پر لاہور سے لاکھوں افراد عید منانے کے لئے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں، پردیسیوں کی روانگی کا سلسلہ عید سے قبل ہی شروع ہو جاتا ہے جو بعض صورتوں میں عید کی صبح تک جاری رہتا ہے۔ سب کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ عید کا خوبصورت تہوار اپنوں کے ساتھ منائیں اور یوں لاہور خالی خالی سا نظر آنے لگتا ہے، ان دنوں بھی لاہور میں کچھ ایسی ہی صورتحال دکھائی دے رہی ہے۔ لاہور کی شاہراہوں کی نظر آنے والی وسعت یہ بھی بتا رہی ہے کہ شہر کی سڑکیں کافی بڑی ہیں لیکن اکثر صورتوں میں ہم خود اپنی غلطیوں کی وجہ سے ٹریفک جام کا سبب بنتے رہتے ہیں۔ یہ بات بھی اپنی جگہ ہے کہ جانے والوں کے باعث شہر میں کچھ بے رونقی سی تو محسوس ہوتی رہتی ہے۔