ہماری ناکامیوں کی وجہ ہماری ذہنیت ہے: عماد وسیم

06-16-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے ٹی20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ کیخلاف میچ سے قبل بھارت کیخلاف میچ میں شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ناکامیوں کی وجہ ہماری ذہنیت ہے۔

میگا ایونٹ میں امریکا، بھارت کے ہاتھوں شکست اور پھر کینیڈا کیخلاف کم مارجن سے کامیابی نے قومی ٹیم کو ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر کردیا ہے تاہم اب رسمی طور پر پاکستان آج آئرلینڈ کیخلاف آخری گروپ میچ میں حصہ لے گا۔ میچ سے قبل پری میچ کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے نیویارک میں بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہماری ناکامیوں کی وجہ ہماری ذہنیت ہے دیگر ٹیمیں نئی سوچ کیساتھ آگے بڑھ رہی ہیں لیکن ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی ضرروت ہے لیکن یہ میرا ڈومین نہیں، نیویارک کی پچز مشکل تھیں لیکن ہمیں جیت حاصل کرنی چاہیے تھی، فلوریڈا میں امریکا اور آئرلینڈ کا اہم میچ بارش کی نذر ہوا لیکن اسکا الزام آئی سی سی پر نہیں لگا سکتے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم آج فلوریڈا کے فورٹ لاڈر ہل اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے مدمقابل آئے گی۔