شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں: مریم نواز
06-16-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر والد کی خاموش قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے جو اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے والد سے محبت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج اپنے بچوں کی پرورش اور رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے، بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیجئے، والد شجر سایہ دار ہے جوتپتی دھوپ میں بچوں کیلئے گھنا سایہ بن جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اولاد کی تربیت اور بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ مریم نواز نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ہر کامیابی والد گرامی محمد نواز شریف کے نام کرتی ہوں جو ہر مشکل میں میرا حوصلہ ہیں، خوش قسمت ہوں جو محمد نواز شریف جیسے والد گرامی ملے، انکی بیٹی ہونے پر ناز ہے، ہر روز والد محترم سے دعائیں لے کر نکلتی ہوں اور واپس آکر سب سے پہلے انہیں سلام کرتی ہوں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی عزت وتکریم کرنے والے ،اف تک نہ کہنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں ،عزیز تر مجھے رکھتا ہے وہ رگ جاں سے ۔۔۔ یہ بات سچ ہے مرا باپ کم نہیں ماں سے۔