عیدالاضحٰی پر گرینڈ صفائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے انتظامات مکمل

06-15-2024

(لاہور نیوز) عیدالاضحٰی پر گرینڈ صفائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے انتظامات مکمل ہو گئے۔

عیدالاضحٰی پر تعفن سے پاک ماحول اور بروقت آلائشیں اُٹھانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کا گرینڈ صفائی آپریشن کا پلان جاری ہو گیا، عید الاضحٰی گرینڈ صفائی آپریشن کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم فعال کر دیا گیا۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے بتایا کہ نہر میں آلائشیں پھینکنے والوں کی ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی، 291 صفائی کیمپس فعال کر دیئے گئے، 104 عارضی کلیکشن پوائنٹس جبکہ چار ڈمپنگ سائٹس فعال کر دی گئیں۔ سی ای او بابر صاحب دین کا کہنا تھا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کنٹرول روم میں 50 سے زائد تربیت یافتہ عملہ تین شفٹوں میں کام کرے گا، مرکزی کنٹرول روم میں ہیلپ لائن1139اور صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کیلئے الگ الگ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں، صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ پی آئی ٹی بی اور سیف سٹیز کیمروں سے یقینی بنائی جائے گی۔