عیدالاضحیٰ پر واسا نے پانی کی فراہمی کے اوقات کار میں اضافہ کر دیا
06-15-2024
(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ پر پانی کی فراہمی کے اوقات کار میں اضافہ کر دیا گیا۔
واسا کی جانب سے معمول کے دنوں میں لاہور کے باسیوں کو دس گھنٹے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم عید کے پہلے دن 14 گھنٹے، دوسرے دن بارہ گھنٹے اور تیسرے دن 10 گھنٹے پانی فراہم کیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے عید کے موقع پر سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اگر کسی جگہ پانی کی قلت ہوتی ہے تو فراہمی کے اوقات کار مزید بڑھا دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ 22 واٹر باؤزرز بھی سٹینڈ بائی پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا عید کے بعد 18 جون سے پی ڈی ایم اے کی طرف سے بارشوں کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا، بارشوں میں نکاسی آب کیلئے بھی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ واسا انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کی فراہمی کے اوقات کار بڑھانے کے باوجود شہری پانی کا ضیاع نہ کریں۔