پنجاب کے بجٹ میں کسانوں کو کچھ نہیں دیا گیا، خالد حسین

06-15-2024

(لاہور نیوز) کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی چیئرمین خالد حسین کا کہنا ہے پنجاب کے بجٹ میں کسانوں کو کچھ نہیں دیا گیا۔

کسان اتحاد پاکستان کے مرکزی چیئرمین خالد حسین پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے کہا اس بجٹ میں ہر کسی کو اعتماد میں لیا گیا لیکن کسان کو پوچھا تک نہیں گیا، کسان آج رو رہے ہیں، عید پر بچوں کو کپڑے تک خرید کر نہیں دے سکے۔ ان کا کہنا تھا کسان مشکل ترین وقت سے گزر رہا ، گندم خریدی نہیں گئی، جب ہم اپنے حقوق کیلئے نکلتے ہیں تو ہم پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں۔ خالد حسین کا کہنا تھا کسان نے گندم کی رقم سے بچوں کی شادیاں رکھی ہوتی ہیں، صنعت کیلئے بجلی 30 روپے اور کسان کیلئے 70 روپے یونٹ ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے؟ کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اس بجٹ میں کسان کو ایک روپے کا ریلیف نہیں ملا، خدارا ہم کسانوں سے گندم نہیں لینی تو ہمیں باہر فروخت کرنے دیں۔