پی ٹی آئی کے دور حکومت میں لئے گئے قرضے گلے کا طوق بن گئے، احسن اقبال

06-15-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے سب سے زیادہ قرضے بانی پی ٹی آئی کے دور میں لئے گئے جو گلے کا طوق بن چکے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی، پاور سیکٹر میں بھی ساتھ دیا، بیجنگ کے ساتھ سی پیک منصوبوں کی اپ گریڈیشن پر بات جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے تاکہ دیگر ممالک سرمایہ کاری کر سکیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں ملکر پاکستان کو مشکل دور سے نکالنا ہو گا، چینی کمپنی ہواوے سے بھی مذاکرات جاری ہیں جس کے ماہرین پاکستان کے لاکھوں طلبہ کو ٹیکنالوجی کی تربیت دیں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت فیصلہ کرے کہ اپنی پارٹی کو حقیقی جمہوری اور سیاسی جماعت بنانا ہے یا انتشار پھیلانے والی کہلانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کوئی رنجش نہیں لیکن چھوٹی موٹی باتیں ہر گھر میں چلتی رہتی ہیں۔